نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے پہلی سہہ ماہی کی معاشی کارکردگی کی منظوری دے دی، رواں مالی سال جولائی تا ستمبر جی ڈی پی میں 0.92 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سیکرٹری منصوبہ بندی کی زیر صدارت نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پہلی سہ ماہی کی معاشی کارگردگی کی منظوری دی گئی۔
وزارت منصوبہ بندی کے مطابق اس سال معاشی ترقی کا سالانہ ہدف 3.6 فیصد مقرر ہے اعلامیے کے مطابق پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر ) جولائی تا ستمبر جی ڈی پی میں 0.92 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
نیشنل اکاونٹس کمیٹی کے مطابق ابتدائی 3 ماہ میں زرعی شعبے کی گروتھ 1.15 فیصد رہی اور اہم فصلوں کی شرح نمو منفی 5.93 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ خدمات کے شعبے کی کارکردگی 1.43 فیصد مثبت رہی۔
نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں جاری اعلامیے کے مطابق جولائی تا ستمبر صنعتی شعبے کی کارکردگی منفی 1.03 فیصد ریکارڈکی گئی۔
مالی سال 2023-24 کے نظرثانی شدہ معاشی اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال جی ڈی پی گروتھ 2.52 فیصد کے بجائے 2.50 فیصد رہی جبکہ ملکی معیشت کا حجم 373.3 ارب ڈالر رہا۔
گزشتہ مالی سال کے دوران فی کس آمدنی 1669 ڈالر رہی جبکہ اس سے پہلے ڈالر ٹرم میں فی کس آمدن کا تخمینہ 1680 ڈالر تھا، مقامی کرنسی میں فی کس آمدن 4 لاکھ 72 ہزار 263 روپے پر آگئی جبکہ اس سے قبل فی کس آمدن کا تخمینہ 4 لاکھ 75 ہزار 281 روپے تھا۔