دھرنے کے خاتمے سے متعلق کراچی پولیس چیف کا بیان، ترجمان کی وضاحت سامنے آگئی

پولیس چیف کے کہنے کا مقصد دھرنوں کا خاتمہ نہیں بلکہ ایسا انتظام تھا جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، ترجمان

کراچی پولیس ترجمان نے دھرنوں کے حوالے سے اپنے چیف کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھرنے ختم نہیں کروائے جائیں گے۔

ترجمان کراچی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا دھرنے ختم کروانے کا سوشل میڈیا پر زیر گردش حکم درست نہیں اور اُن کے بیان کو دھرنوں کے خاتمے سے جوڑنا بےبنیاد اور غلط فہمی کا شاحسانہ ہے۔ 

ترجمان پولیس نے وضاحت کی کہ پولیس چیف کے کہنے کا مقصد دھرنوں کا خاتمہ نہیں بلکہ دھرنوں کا ایسا انتظام تھا جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

واضح رہے کہ پارا چنار کی صورتحال پر کراچی میں مذہبی جماعت کی جانب سے 17 مقامات پر دھرنے جاری ہیں جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس سے قبل کراچی پولیس چیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں جاری دھرنوں کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات ہیں اور مغرب تک تمام راستے کھول کر سڑکیں خالی کرادی جائیں گی۔

اس بیان پر مذہبی جماعت کے ترجمان نے کہا کہ اگر مظاہرین یا دھرنے ختم کروانے کے حوالے سے کوئی زبردستی کی گئی تو سندھ حکومت اور پولیس نتائج کی ذمہ دار ہوگی۔

متحدہ وحت المسلمین کے ترجمان نے واضح کیا کہ شہر بھر میں جاری دھرنے پُرامن ہیں اور کوئی انتشار نہیں پھیلایا جارہا، سندھ حکومت دھرنوں کیخلاف سازشیں بند کرے، ہم واضح کرتے ہیں پارا چنار میں جاری دھرنے تک سڑکوں پر بیٹھے رہیں گے۔


 

Load Next Story