کراچی؛ سرد موسم کی شدت بڑھتے ہی بچوں میں خسرہ پھیلنے لگا

خسرہ کی علامات میں نزلہ، بخار، کھانسی، آنکھوں میں سرخی، اور جلد پر دانے نمودار ہونا شامل ہیں، ماہرین

فوٹو: فائل

کراچی:

شہرقائد میں سرد موسم کی شدت بڑھتے ہی خسرہ نے بچوں کو لپیٹ میں لینا شروع کردیا، طبی ماہرین کے مطابق خسرہ کی علامات میں نزلہ، بخار، کھانسی، آنکھوں میں سرخی، اور جلد پر دانے نمودار ہونا شامل ہیں، جبکہ ویکسینیشن نہ ہونے کی صورت میں یہ بیماری جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔

ڈاکٹرز نے خبردار کیا ہے کہ خسرہ ایک تیزی سے پھیلنے والی بیماری ہے جو ایک بچے سے دوسرے بچوں تک جلدی منتقل ہوتی ہے۔ والدین کو چاہیے کہ 9 ماہ اور ڈیڑھ سال کی عمر میں بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں تاکہ اس خطرناک مرض سے محفوظ رہ سکیں۔

متاثرہ بچے کو الگ تھلگ رکھنا اور وٹامن اے دینا بیماری کی شدت کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین صحت نے والدین پر زور دیا ہے کہ کسی بھی غیر معمولی علامت کی صورت میں فوری طور پر معالج سے رجوع کریں۔

ماہر امراض اطفال ڈاکٹر لیاقت علی نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ بچوں میں وائرل بیماریاں بڑھ رہی ہیں، جن میں خسرہ بھی شامل ہے۔ یہ ویکسین کے ذریعے خسرہ سے بچاؤ ممکن ہے، لیکن اگر علاج میں دیر ہو جائے تو یہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے،خسرہ کی ابتدائی علامات میں نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور آنکھوں کی سرخی شامل ہیں۔

تین سے سات دن کے بعد بچے کے چہرے پر دانے ظاہر ہوتے ہیں جو آہستہ آہستہ جسم کے دیگر حصوں تک پھیلتے ہیں۔ یہ بیماری تیزی سے پھیلتی ہے اور ایک بچے سے دوسرے تک منتقل ہو سکتی ہے۔

اگر بچہ پیدائشی ٹیکہ جاٹ میں خسرہ کی ویکسین لگوا چکا ہے اور اسے وٹامن اے دیا گیا ہے تو پیچیدگیوں اور اموات کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔ وٹامن اے کی ایک خوراک موت کے 50 فیصد امکانات کو کم کردیتی ہے۔ لیکن اگر بچہ غذائی قلت یا کمزور جسمانی حالت کا شکار ہو تو خسرہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کے ویکسینیشن شیڈول کا خاص خیال رکھیں۔ حکومت سندھ کی جانب سے 9 ماہ اور ڈیڑھ سال کی عمر میں خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کی جاتی ہے۔ خسرہ کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں اور متاثرہ بچے کو دوسرے بچوں سے الگ رکھیں تاکہ بیماری مزید نہ پھیلے۔

انہوں نے کہا کہ خسرہ اپنا دورانیہ مکمل کر کے ختم ہو جاتی ہے، لیکن ویکسینیشن اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ یہ بیماری پیچیدگیوں جیسے نمونیا میں تبدیل نہ ہو۔

Load Next Story