چین کے تعاون سے ملک کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا
پاک چین لازوال دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے ملک کے سب سے بڑے جوہری بجلی گھر چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ-5 کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر کے ایک اہم سنگ میل حاصل کر لیا۔
اس سلسلے میں میانوالی میں منعقد ہونے والی ایک پر وقار تقریب میں منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال، پاکستان میں چین کے سفیر مسٹر جیانگ زیڈونگ اور دیگر چینی اور پاکستانی معززین نے شرکت کی، نیوکلیئر پاور کے شعبے میں پاکستان کا کامیاب سفر پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے نیوکلیئر پاور کو توانائی کا ماحول دوست اور با کفایت ذریعہ قرار دیتے ہوئے ملک کی انرجی سیکیورٹی کے حوالے سےاس کی اہمیت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں پاک چین دوستی اور اقتصادی تعاون کو سراہا اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو جوہری تحفظ، ماحولیاتی دیکھ بھال اور جوہری توانائی کے پر امن استعمال کے حوالے سے عالمی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 2030 تک تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد قومی گرڈ کو 1200 میگاواٹ مزید بجلی دینا شروع کر دے گا جس سے ملک میں ماحول دوست اور قابلِ بھروسہ بیس لوڈ نیوکلیئر انرجی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4700 میگاواٹ سے زائد ہو جائے گی۔