سعودی عرب میں سخت قوانین کا نفاذ، خلاف ورزیوں پر لاکھوں ریال جرمانے کا فیصلہ
سعودی عرب میں عوامی سہولیات کی حفاظت اور ان کے بلا تعطل استعمال کو یقینی بنانے کے لیے نئے قوانین متعارف کرائے گئے ہیں، جن کے تحت سڑکوں، سیلابی نکاسی آب کے نظام، پانی، بجلی کے میٹرز اور دیگر عوامی خدمات سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں پر سخت جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
نئے ضوابط کے مطابق، عوامی سڑکوں یا سیلابی نکاسی آب کے نظام کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے، رکاوٹ ڈالنے یا ان کو بلاک کرنے والے افراد پر زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ان جرمانوں کا مقصد مرمت کی لاگت کے 75 فیصد تک کا احاطہ کرنا ہے۔
خلیجی میڈیا کے مطابق اگر کسی گروہ یا افراد کے ایک ساتھ مل کر خلاف ورزی کرنے کا معاملہ سامنے آتا ہے، تو وہ اجتماعی طور پر سزا برداشت کریں گے اور انہیں مرمت کے اخراجات کے علاوہ دیگر نقصانات کی تلافی بھی کرنی ہوگی۔ اس ضمن میں ناکامی کی صورت میں ریاستی محصولات کے قانون کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مزید برآں، غیر منظور شدہ تعمیرات یا سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام میں نقصانات ڈالنے کی صورت میں 10 فیصد تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جس کی حد ایک لاکھ ریال رکھی گئی ہے۔ اگر اجازت حاصل کرلی جاتی ہے تو اس جرمانے کو 5 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
غیر قانونی تجاوزات کرنے والوں ذاتی فائدے کے لیے سڑکوں میں سوراخ یا کاٹ پیٹ کرنے والوں کو 50 ہزار ریال تک جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
اس کے علاوہ، پیٹرولیم مصنوعات یا خطرناک مواد جیسے گندگی کے ساتھ عوامی سڑکوں پر خلل ڈالنے والوں پر 3 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
پانی، بجلی کے میٹرز، پبلک ٹیلی فون ڈیوائسز یا ریلوے کے نظام کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والوں پر بھی 3 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ عوامی سہولت تک غیر قانونی رسائی فراہم کرنے والوں کو 2 ہزار ریال جرمانہ کا سامنا ہوگا۔
بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کو دوگنا جرمانہ کیا جائے گا، جو کہ زیادہ سے زیادہ سزا کے برابر ہوگا۔ ان فیصلوں کا اختیار مجاز اتھارٹی کے سربراہ کے پاس ہوگا۔