وزیر اعظم کا اڑان پاکستان منصوبہ 3 سال میں ملک کو بڑے ممالک میں شامل کردے گا، وزیر خزانہ

ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

وزیرخزانہ امریکا میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے—فوٹو: فائل

اسلام آباد:

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا اڑان پاکستان منصوبہ 3 سال میں ملک کو دنیا کے بڑے ممالک کی صف میں لاکھڑا کرے گا۔

قومی اقتصادی پلان ’’ اڑان پاکستان ہوم گرون‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد ملکی معیشت کو مضبوط کرنا ہے، ملک کے معاشی استحکام کی نئی بنیاد رکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج یہاں بارہ سے چودہ ماہ میں پہنچے ہیں، پاکستان نے مالی سال میں 24 سال بعد سرپلس حاصل کیا، افراط زر 38 فیصد سے کم ہوکر 5 فیصد پر آگیا، پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی دوسری بہترین مارکیٹ بن چکی، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوکر 13 فیصد پر آگیا، مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

قبل ازیں وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج ہوم گرون اکنامک ایجنڈے کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔

اڑان پاکستان۔ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان 2024-29ءکے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہوم گرون اکنامک ایجنڈا ”میڈ ان پاکستان“ معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے، ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الحمد اللہ پاکستان کے تمام معاشی اشاریئے بہتر ہوئے ہیں، ہوم گرون ایجنڈا ایک اہم اقدام ہے، ہوم گرون ایجنڈے کے تحت معاشی ترقی کا سفر طے کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو خوشخبریاں ملیں گی، معاشی اصلاحات کا ایجنڈا پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی کے لئے ہے۔

دریں اثنا اپنے ایک بیان میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہوچکی ہے، نجی شعبے کو اب معاملات چلانے ہوں گے، آج کا دن ہمارے لیے پاکستان کی معاشی تاریخ کے لیے اہم ہے، وزیر اعظم کا اڑان پاکستان منصوبہ 3 سال میں ملک کو بڑے ممالک کی صف میں لاکھڑا کرے گا۔

Load Next Story