لاہور:
چنیوٹ میں کار حادثے میں دو بہنوں سمیت تین بچیاں نالے میں ڈوب کر جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چنیوٹ میں رجوعہ روڈ کے قریب دھند کے باعث کار سیم نہر میں گرنے سے دو بہنوں سمیت تین بچیاں نالے میں ڈوب کر جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے، ریسکیو ورکرز نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا۔
دوسری جانب سمندری میں اڈہ سلونی جھال کے نزدیک شدید دھند کے باعث 4 گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے 7 افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو سول اسپتال سمندری منتقل کردیا گیا جن میں ادریس، عمران،انعام، عمیر، سلیم، قاسم، شرجیل اور ریاض شامل ہیں۔
ننکانہ صاحب میں شاہ کوٹ لاری اڈا کےقریب دھند کے باعث بس اور کنٹینر میں تصادم میں 2 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کوٹی ایچ کیواسپتال شاہ کوٹ منتقل کردیا گیا، بس فیصل آباد سے لاہور آرہی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چنیوٹ کار حادثہ کے باعث دو بہنوں کے نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے، انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔