کراچی:
کراچی میں گزشتہ کئی روز سے جاری دھرنے ختم کرانے کے لیے پولیس حرکت میں آگئی اور کارروائی کرتے ہوئے 10 میں سے 6 مقامات پر دھرنے ختم کرادیے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جوہر چورنگی سے جوہر موڑ آنے اور جانے والے راستہ کھول دیا گیا جبکہ فائیو اسٹار چورنگی پر احتجاج ختم ہونے کے بعد روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق عباس ٹاؤن میں دھرنا ہولیس نے ختم کرادیا، اس دوران مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جب کہ پولیس نے دھرنے کا ٹینٹ اکھاڑ دیا۔
رپورٹ کے مطابق سرجانی کے ڈی اے فلیٹ پر احتجاجی دھرنا ختم کرا دیا گیا، ضلع سینٹرل میں 5 اسٹار چورنگی پر دیا جانیوالا دھرنا ختم ہوگیا، ضلع شرقی میں گلستان جوہر میں احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ روڈز کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا، نواب صدیق علی خان روڈ چورنگی ناظم آباد نمبر 1 اور 2 کو کھول دیا گیا، شاہراہ پاکستان مین عائشہ منزل چورنگی کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، انچولی شاہراہ پاکستان، سہراب گوٹھ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
یاد رہے کہ مذہبی جماعت کے 10 مقامات پر گزشتہ کئی روز سے دھرنے جاری تھے جب کہ ایک اور مذہبی جماعت نے آج 60 مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔
دھرنوں کی کی وجہ سے ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مذہبی جماعت کی جانب سے مرکزی دھرنا ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی کے مقام پر دیا گیا تھا، اس کے علاوہ دیگر دھرنے کامران چورنگی، جوہر موڑ، ابو الحسن اصفہانی روڈ، فائیو اسٹار چورنگی، یونیورسٹی روڈ (میٹرو شاپنگ سینٹر سے نیپا تک)، شمس الدین عظیمی روڈ، انچولی (شاہراہ پاکستان)، نواب صدیق علی خان روڈ (ناظم آباد نمبر 1 سے ناظم آباد نمبر 2)، اور شاہراہ پاکستان (عائشہ منزل چورنگی) پر جاری تھا۔
ٹریفک پولیس نے بتایا تھا کہ دھرنوں کے اطراف کئی سڑکیں بند ہیں، جبکہ کچھ سڑکوں پر ٹریفک ایک ٹریک پر رواں دواں ہے، جبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں جانے سے گریز کریں یا متبادل راستوں کا استعمال کریں۔
اس صورتحال میں گزشتہ روز ایک اور مذہبی جماعت نے کراچی میں آج سے 60 مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کیا تھا جس کے باعث ٹریفک اور شہریوں کی مشکلات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ٹریفک پولیس نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔ متاثرہ علاقوں میں جانے سے گریز کریں اور ضروری صورت میں متبادل راستے اختیار کریں۔