پشاور:
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم تنازع کے معاملے پر فریقین بیشتر نکات پر متفق ہیں، آج معاہدے کا قوی امکان ہے۔
اپنے بیان میں صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں گرینڈ جرگہ 2دن کے وقفے کے بعد آج دوبارہ شروع ہوگا۔ جرگے نے ایک فریق کو مشاورت کے لیے 2دن کا وقت دیا تھا۔ آج دونوں فریقوں کے درمیان معاہدے کا قوی امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریق تقریباً تمام نکات پر متفق ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے کوشاں ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی کوششوں سے ایک صدی سے زائد پرانا تنازع پائیدار حل کے قریب ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ بنکرز اور اسلحہ کے خاتمے سے علاقے میں مکمل امن قائم ہوگا۔ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق علاقے کو اسلحہ سے پاک کیا جائے گا۔ معاہدے کے بعد سڑک کھولنے کے حوالے سے بھی خوشخبری ملے گی۔