قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے ٹیسٹ ٹیم سے اخراج کے معاملے پر چپ سادھ لی۔
بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی فورچون باریشال کی نمائندگی کریں گے، پیسر کو جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، اس کا جواز آرام کا موقع دینے کو قرار دیا گیا لیکن پھر بی پی ایل کے 5 میچز میں شرکت کی اجازت دے دی گئی۔
گزشتہ دنوں ایکسپریس میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کو ایک سلیکٹر کی ہدایت پر عمل نہ کرنے پرقومی اسکواڈ سے باہر کیا گیا تھا، سلیکٹر نے انھیں 4 روزہ میچ کھیلنے کا کہا مگر وہ ایسا نہ کرسکے اسے نافرمانی سمجھا گیا اور انھیں ٹیسٹ ٹیم میں نہیں لیا گیا۔
مزید پڑھیں: شاہین آفریدی کی مزار قائد پر حاضری دینے کی ویڈیو وائرل
ڈھاکا میں پریس کانفرنس کے دوران شاہین آفریدی نے اس معاملے پر سوال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور رپورٹرز کو صرف بی پی ایل کے حوالے سے گفتگو پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ میں فٹ ہوں اسی لیے لیگ کھیلنے آیا، ہم صرف اسی ایونٹ کے بارے میں بات کریں گے، دیگر معاملات پر سوال سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں: شاہین آفریدی سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑنے کے دہانے پر
شاہین آفریدی ٹی20 کرکٹ کے ابتدائی اوورز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی بننے کے قریب ہیں، اس حوالے سے انھوں نے کہا کہ میں ریکارڈ بنانے یا توڑنے کی کوشش نہیں کررہا، صرف اپنی لائن اور لینتھ پر توجہ دیتے ہوئے اچھی بولنگ کی کوشش کر رہا ہوں، ابتدا میں وکٹ لینا حریف ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کر دیتا ہے اور یہی میرا مقصد ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: شاہین آفریدی نے ٹی20 کا اہم اعزاز اپنے نام کرلیا
فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ میں بی پی ایل میں اچھی کارکردگی کیلئے پْرجوش ہوں، کپتان تمیم اقبال کا اعتماد پر شکریہ،جب انھوں نے مجھے اپنی ٹیم میں شامل کیا۔