کراچی میں آج کون کون سے راستے بند ہوں گے؟ ٹریفک پلان جاری
ٹریفک پولیس نے سال نو کے موقع پر ٹریفک روٹس و متبادل راستوں سے متعلق پلان جاری کردیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شارع فیصل، عبداللہ ہارون روڈ، ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ، مائی کولاچی روڈ، کورنگی روڈ اور ایم ٹی خان روڈ پر کسی بھی گاڑی کو پارکنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، ٹوٹے یا بغیر سائلنسر والی گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے والوں اور غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تمام ہیوی ٹریفک واٹر ٹینکر، ڈمپر، ٹریلر اور ٹرک وغیرہ کو شام 6 بجے سے ٹریفک نارمل ہونے تک شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق منگل 31 دسمبر 2024 اور یکم جنوری 2025 کی درمیانی شب عوام نئے سال کی آمد کے موقع پر مختلف تفریحی مقامات سی ویو، کلفٹن اور باغ ابن قاسم کا رخ کرتے ہیں اور اس حوالے سے عوام الناس خاص طور پر DHA کے رہائشی حضرات کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ مرتب کر دہ روٹ و متبادل راستوں کا انتخاب کرتے ہوئے اپنی منزل کی طرف سفر کریں۔ شہری اپنے ساتھ اصل شناختی کارڈ لازمی رکھیں جسے دکھا کر انہیں آگے جانے کی اجازت دی جائے گی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ایکسپریس وے اور کورنگی سے ہوتے ہوئے اختر کالونی کی طرف سے براستہ خیابان اتحاد (سی ویو) کی جانب کسی بھی شہری کو جانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی اور وہ براستہ کورنگی روڈ، سن سیٹ بلیوارڈ روڈ، گزری برج، سعودیہ سگنل سے دائیں جانب خیابان شمشیر اور میکڈونلڈ سے سی ویو روڈ اور اسی طرح دو دریا سے گالف کلب، عائشہ مسجد سے سی ویو یا اطراف میں جانے والے حضرات ڈی ایچ اے 26 اسٹریٹ سے ہوتے ہوئے اپنی منزل کی جانب جا سکیں گے۔
ترجمان کے مطابق وہ تمام شہری جو نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد، گلشن اقبال، نیو کراچی سے DHA کی جانب آنا چاہتے ہیں وہ براستہ ایم اے جناح روڈ، گارڈن روڈ، زیب النسا اسٹریٹ، آواری لائٹ سگنل، سندھ کلب چوک، ہوشنگ چوک، تین تلوار اور دو تلوار سے بائیں جانب زم زم بلیوارڈ روڈ دائیں جانب خیابان شمشیر اور میکڈونلڈ سے سی ویو جاسکیں گے۔
ترجمان کے مطابق وہ تمام شہری جو گڈاپ، بن قاسم، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، جمشید ٹاؤن اور صدر سے DHA کی جانب آنا چاہتے ہیں وہ براستہ شارع فیصل، سندھ کلب چوک، ہوشنگ چوک، 3 تلوار، بائیں جانب ریس کورس سگنل، چوہدری خلیق الزمان روڈ اور گذری برج، سعودیہ سگنل سے دائیں جانب خیابان شمشیر اور میکڈونلڈ سے ہوتے ہوئے سی ویو جا سکیں گے۔
ترجمان کے مطابق جناح برج سے براستہ مائی کولاچی سے بوٹ بیسن، بلاول ہاؤس چورنگی، میرین پرمینڈنٹ روڈ (ہائپر اسٹار) سے ہوتے ہوئے میکڈونلڈ سے سی ویو جا سکیں گے، کسی بھی قسم کی ٹریفک کو پی آئی ڈی سی چوک (ضیا الدین روڈ) سے ضیا الدین برج جانب للی سگنل، پی آئی ڈی سی چوک کلب چوک (کلب روڈ) کی جانب ، بلاول چورنگی سے بحریہ انڈر پاس (کلفٹن ہیلی پیڈ)، دو تلوار سے عبداللہ شاہ غازی مزار اور وہاں سے 26 اسٹریٹ کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جائیگی، سی ویو سے واپس جانے والے حضرات کلاک ٹاور سے خیابان اتحاد روڈ اختر کالونی سے واپس اپنی منزل کی جانب جاسکیں گے۔
اس کے علاوہ براستہ دو دریا سے گلف کلب کا راستہ اختیار کر کے واپس اپنی منزل کی جانب جا سکیں گے ، کسی بھی گاڑی کو دوبارہ میکڈونلڈ کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ماڑی پور روڈ سے براستہ جناح برج مائی کولاچی کی جانب کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک کو آنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی اور یہ ٹریفک براستہ جناح برج سے حب ریور روڈ یا شارع پاکستان سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود کی جانب جاسکے گی تاہم چھوٹی ٹریفک جناح برج سے براستہ مائی کولاچی اور ایم ٹی خان روڈ ، پی آئی ڈی سی چوک سے شاہین چوک سے شارع فیصل استعمال کرسکے گی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق DHA فیز5 ، 6 ، اور 7 کے رہائشی فیز 8 اور قرب و جوار کی گلیوں میں جانے کے لیے شہری انٹر سیکشنز 26 اسٹریٹ ، صبا ایونیو، شاہین لائٹ سگنل، شجاعت لائٹ سگنل اور بحریہ انٹر سیکشن کا انتخاب کرسکیں گے جو ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی، عوام الناس کسی بھی زحمت سے بچنے کے لیے متبادل راستہ اختیار کریں۔