لاہور:
پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی ذہنی صحت جانچنے کے لیے بڑا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ نے قیدیوں کی فلاح کے لیے ایک اور اقدام کرتے ہوئے پنجاب کی 43 جیلوں میں قیدیوں کی ذہنی صحت کی جانچ کے لیے پلان تیار کرلیا، اس حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ چیف سائیکالوجسٹ ہر ماہ 5 جیلوں کا دورہ کر کے رپورٹ مرتب کریں اور کم از کم 2ریجن میں جاکر جیلوں کا معائنہ کریں۔
منصوبے کے مطابق پنجاب کی ہر جیل میں تعینات سائیکالوجسٹ کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ جیل میں قیدیوں کے رویے اور کردار میں بہتری کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ چیف سائیکالوجسٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام جیلوں میں قائم ذہنی صحت مرکز کا خود دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ قیدیوں کی فلاح کے لیے پنجاب بھر کی جیلوں میں سینئر اور جونیئر سائیکالوجسٹ تعینات ہیں ۔ صوبہ بھر کی جیلوں میں سینئر سائیکالوجسٹ کی 44 اور جونیر سائیکالوجسٹ کی 43 آسامیاں ہیں ۔
منصوبے کے مطابق جیل آمد کے 24 گھنٹوں میں سائیکالوجسٹ ہر قیدی کا تفصیلی معائنہ یقینی بنائیں گے۔ ماہر نفسیات کے لیے لازم ہوگا کہ پر تشدد رویے کے حامل قیدیوں کے ساتھ کاؤنسلنگ سیشنز کریں۔ا سی طرح ذہنی تناؤ کے شکار قیدیوں سے بہتر رویے کے لیے جیل عملے کی تربیت بھی سائیکالوجسٹ کی ذمے داری ہے۔