’’13 سالہ بچی کی ساتھیوں کیساتھ مسلح ڈکیتی، عدالت نے 7 سال قید کی سزا سنادی‘‘

بچی کے خلاف کوئی ثبوت ملا نہ چشم دید گواہ، ٹرائل کورٹ نے بغیر ٹرائل فیصلہ سنا دیا، وکیل


ویب ڈیسک December 31, 2024

کراچی:

سندھ ہائی کورٹ میں ایک کیس کی سماعت  ہوئی، جس کے مطابق 13 سالہ بچی نے ساتھیوں کے ساتھ مسلح ڈکیتی کی اور  عدالت نے اسے 7 سال قید کی سزا سنادی۔
 

13 سالہ بچی ماریہ پر ڈکیتی کے الزام  اور عدالت سے سزا کے خلاف اپیل  کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی۔ دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل عجب خان خٹک نے عدالت کو بتایا کہ ٹرائل کورٹ نے 13 سالہ ماریہ کو 7 برس قید کی سزا سنادی۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بچی کے خلاف الزام ہے کہ اس نے اپنی دوستوں کے ساتھ مل کر اسلحہ کے زور پر ڈکیتی کی۔ بچی کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا اور نہ ہی کوئی چشم دید گواہ ہے۔ ٹرائل کورٹ نے ٹرائل چلائے بغیر ہی فیصلہ سنا دیا۔

وکیل  نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے ان شواہد کو نظر انداز کیا جو اپیل کنندہ کے حق میں تھے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ٹرائل کورٹ کے حکم کو کالعدم قرار دیا جائے۔

بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں