بالی ووڈ کے نئے سپر اسٹار کارتک آریان سے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ انہوں نے کرن جوہر کی اگلی فلم کیلئے بھاری معاوضہ طلب کیا ہے اور اب رئیل اسٹیٹ کی دنیا میں بھی قدم رکھنے والے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کارتک کرن جوہر کی فلم ’تو میری میں تیرا‘ کیلئے 50 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ وصول کر رہے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ممبئی کے علاقے اندھیری میں 2 مہنگی زمینیں بھی خریدی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کارتک اداکاری کے ساتھ رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے بزنس کی دنیا میں بھی قدم رکھ رہے ہیں جس سے ان کی دولت میں مزید اضافہ ہوگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کارتک آریان نے ممبئی میں جائیداد کی خریداری پروڈیوسر آنند پنڈت کی مدد سے کی جنہوں نے پراپرٹی کی تلاش میں انکی رہنمائی کی۔
ان میں ایک پرتعیش رہائشی اپارٹمنٹ اور 2,000 مربع فٹ پر محیط ایک کمرشل اسپیس شامل ہے تاہم اس کی خریداری کی جاچکی ہے یا نہیں اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
کارتک آریان کی موجودہ جائیدادوں کی فہرست میں جوہو میں دو شاندار اپارٹمنٹ شامل ہیں، جن کی مالیت 17.5 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ ان میں سے ایک اپارٹمنٹ 4.5 لاکھ روپے ماہانہ کرائے پر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، ان کے پاس ویرا دیسائی کے مشہور علاقے میں 2,000 مربع فٹ پر مشتمل ایک دفتر بھی ہے، جو مشہور شخصیات جیسے امیتابھ بچن اور اجے دیوگن کے گھر کے قریب واقع ہے اور اسے بھی کرائے پر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کارتک کے پاس ورسووا میں بھی ایک اپارٹمنٹ ہے، جو ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ وہی علاقہ ہے جہاں وہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں بطور پیئنگ گیسٹ مقیم تھے۔