کوئٹہ:
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سرکاری افسران اور ملازمین کا بیک وقت ایک سے زائد محکموں میں نوکری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
بیک وقت دہری ملازمت کا انکشاف صوبائی محکمہ تعلیم کے ملازمین سے متعلق ہوا ہے، اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایجوکیشن نے متعلقہ ملازمین کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 42 افسران اور ملازمین محکمہ تعلیم کے ساتھ دیگر محکموں میں ملازمت کررہے ہیں۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ بیک وقت دہری ملازمت کرنے والوں میں کوئٹہ، تربت، بارکھان، ژوب، ڈیرہ بگٹی، شیرانی ، کچھی، لسبیلہ، مستونگ، پنجگور، واشک، لورالائی، قلعہ عبداللہ، چمن اور پشین کے محکمہ تعلیم کے ملازمین بھی شامل ہیں۔
سب سے زیادہ ضلع کوئٹہ کے افسران اور ملازمین دہری ملازمت کررہے ہیں۔ نوٹی فکیشن میں مجاز اتھارٹی نے سیکرٹری خزانہ کو متعلقہ افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام افسران اور ملازمین کی تنخواہیں روکی جائیں، جن کے نام فہرست میں شامل ہیں۔ تمام افسران اور ملازمین کے خلاف بیڈا ایکٹ 2011 کے تحت کارروائی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دہری ملازمت کرنے والوں سے متعلق ہدایت کی گئی ہے کہ دو ہفتے کے اندر افسران اور ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی جائے۔
علاوہ ازیں ڈائریکٹر ایجوکیشن نے تمام متعلقہ اضلاع کے افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔