بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان؛ صارفین کو 4 ارب 89 کروڑ کا ریلیف ملے گا
بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کا امکان ہے، جس سے صارفین کو 4 ارب 89 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں این ٹی ڈی سی کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 63 پیسے کمی کی درخواست پر سماعت چیئرمین وسیم مختار کی سربراہی میں ہوئی، جس میں حکام نے بتایا کہ گزشتہ ماہ نومبر کا فیول پرائس منفی 63 پیسے میں ہے۔
حکام نے نیپرا میں بتایا کہ منفی ایف سی اے سے صارفین کو 4 ارب 89 کروڑ کا ریلیف مل سکتا ہے۔ پرانی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں ڈھائی روپے منفی ہیں۔ گزشتہ ماہ کے دوران مقامی کوئلے سے پیداوار اضافی رہی اور نومبر میں 7 ارب 22 کروڑ بجلی کے یونٹ پیدا کیے گئے۔نومبر میں پیداواری لاگت ریفرنس لاگت کے نزدیک آئی۔
این ٹی ڈی سی حکام نے کہا کہ گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں رواں سال نومبر میں بجلی فروخت میں کمی ہوئی۔ رواں سال کے ماہ نومبر گزشتہ اسی عرصے کے مقابلے میں گرم ترین ماہ تھا۔بجلی کی فروخت میں کمی کی بڑی وجہ سولرائزیشن ہے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ این ٹی ڈی سی لاہور نارتھ لائن کی تکمیل کے بارے میں آگاہ کرے، جس پر حکام نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل اب تک نہیں ہو سکی۔ چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ ماہ دسمبر میں اس ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل ہونا تھی، جس پر حکام نے بتایا کہ اپریل تک لاہور نارتھ ٹرانسمیشن لائن مکمل ہوگی۔
بعد ازاں نیپرا نے لاہور نارتھ ٹرانسمیشن لائن میں تاخیر کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی۔
بجلی کی قیمتوں میں 63 پیسے کمی سے متعلق درخواست پر سماعت مکمل کرلی گئی۔ نیپرا اتھارٹی اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد ایف سی اے پر فیصلہ جاری کرے گی۔
نیپرا میں سماعت کے دوران این ٹی ڈی سی کے ترسیلی نظام پر لوڈ پیٹرن تبدیل ہونے کا انکشاف بھی ہوا۔ حکام نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں جو لوڈ پیٹرن تھا وہ اب نہیں رہا۔ لوڈ پیٹرن تبدیل ہونے کی وجوہات کے بارے میں تحقیقات کی جائیں۔
ونٹرپیکیج پر بریفنگ