کراچی:
نمائش چورنگی پر مذہبی جماعت کی جانب سے جاری احتجاجی دھرنے کے شرکا کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ اور پولیس کی آنسو گیس کی شیلنگ کی وجہ سے صورتحال کشیدہ ہوگئی، مظاہرین نے پولیس چوکی، گاڑی اور پولیس کی کئی موٹرسائیکلیں نذر آتش کردیں، متعدد مظاہرین زیرحراست، وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا۔
نمائش چورنگی پر گذشتہ کئی روز سے جاری مذہبی جماعت کے دھرنے میں آج صورتحال کشیدہ ہوگئی، دھرنے کے شرکا نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔
مشتعل مظاہرین نے نمائش پر پولیس چوکی جلاڈالی، ایک گاڑی کو آگ لگادی جبکہ پولیس کی 6 موٹرسائیکلیں بھی نذر آتش کردیں۔ مشتعل مظاہرین نے پتھراؤ کرکے پولیس اہل کاروں کو زخمی بھی کردیا ایک اور ایک پولیس موبائل کے شیشے بھی توڑ ڈالے۔
کشیدگی اور جلاؤ گھیراؤ اور پتھراؤ کے بعد پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا اور مذہبی جماعت کا کیمپ بھی اکھاڑ دیا۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے شہر میں دھرنے کی آڑ میں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں نذرآتش کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کو صورتحال بہتر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہری و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کسی صورت اجازت نہیں، احتجاج کا حق سب کو ہے مگر اس طرح شہری املاک کو نقصان پہنچانا شرانگیزی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جنہوں نے گاڑیاں جلائیں اُن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، ہم نے دھرنوں کے لیے مخصوص پلیٹ فارم کی اجازت دے رکھی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت کی کہ شہر میں بدنظمی ختم کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔