عوام ترقیاتی کاموں کے بجائے امن کا مطالبہ کر رہے ہیں، رہنما پی پی پی

صوبائی حکومت تو کرم میں سڑک کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا نہیں کھول سکتی، حکومت کی توانائیاں کہیں اورصرف رہی ہیں، کنڈی


ویب ڈیسک December 31, 2024
احمد کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں خطاب کیا—فوٹو: فیس بک

پشاور:

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور خیبرپختونخوا سمبلی میں پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام ترقیاتی کامون کے بجائے امن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

کے پی اسمبلی پشاورمیں خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے حوالے سے آئی جی کے پی نے تین گھنٹے کی تفصیلی بریفنگ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کل عوام ترقیاتی کاموں کے بجائے امن کا مطالبہ کررہے ہیں، جس طرح آج آئی جی اور ان کی ٹیم نے بریفنگ دی اس سے کافی سوالات کے جواب مل گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان مسلح لوگوں کو کون لایا اور کس کی حمایت سے آباد ہوئے، جب تک ان کو لانے والو کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی اس وقت تک آپریشنز کے نتائج نہیں مل سکتے۔

احمد کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کو نو ایکشن پلان بنا دیا گیا ہے، کوئی ایسا دوسرا ملک نہیں جہاں 24 وزرائے اعظم میں کوئی بھی اپنی مدت پوری نہ کرسکا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسروں کی کارکردگی پر سوال اٹھانے سے پہلے حکومت کو اپنی کارکردگی کا جائزہ بھی لینا چاہیے، 14 سال میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مد میں 500 ارب روپے ملے۔

رہنما پی پی پی نے سوال کیا کہ صوبائی حکومت نے پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کیا کیا، صوبائی حکومت تو کرم میں سڑک کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا نہیں کھول سکتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی توانائیاں کہیں اور صرف ہو رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں