کراچی:
پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے 50 برس مکمل ہونے پر یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسر ابراہیم غوری میو سمیت مختلف شخصیات کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز دیے گئے۔
تقریب کا انعقاد گلشن اقبال میں رب میڈیکل سینٹر کے سامنے وی ٹرسٹ ایجوکیشن سینٹر میں کیا گیا تھا، جس میں معلومات عامہ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی و خدمات پر 10 شخصیات کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز " سے نوازا گیا۔
ایوارڈز حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں پروفیسر محمد ابراہیم غوری میو، طاہر حبیب، جمیلہ خانم ، نجیب اللہ خان ،منور علی قریشی، سعید احمد سعید، ایاز رضا ترمذی، سیدہ تحسین فاطمہ، امان اللہ پنجوانی اور واجد رضا اصفہانی شامل تھے۔
50برس مکمل ہونے پر پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کی یہ پہلی تقریب تھی ۔ گولڈن جوبلی تقریبات مزید ایک سال تک جاری رہیں گی۔
دریں اثنا پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے 50 برس مکمل ہونے پر انٹرنیشنل کوئزنگ ایسوسی ایشن کی سربراہ جین ایلن نے مبارکباد پیش کی ہے۔