بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے والے شہری ہوجائیں ہوشیار! 

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرصدارت اجلاس میں ٹریفک کنٹرول کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے


منور خان December 31, 2024
(فوٹو : فائل)

کراچی:

سندھ پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم جنوری 2025 سے بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کی گاڑیاں کو بند کر دیا جائے گا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت ٹریفک قوانین کے نفاذ اور عمل درآمد کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اجلاس ہوا جہاں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ پولیس کی جانب سے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول سے متعلق آگاہی مہم جاری رکھی جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جنوری 2025 سے غیرلائسنس یافتہ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کو تجاوزات، پارکنگ مینجمنٹ، قوانین کی خلاف ورزی، ٹریفک کے ناقص انفرا اسٹکچر جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 دسمبر سے شروع ہونے والی ٹریفک قوانین آگاہی مہم کے سلسلے میں 35 عوامی مقامات پر آگاہی کیمپس لگائے گئے جبکہ 2 ہزار سے زائد بینرز سڑکوں، مسافرگاڑیوں اور دیگر مقامات پر آویزاں کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ تشہیری اور آگاہی مہم کے نتیجے میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کی تعداد میں 25 سے 30 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اس موقع پرآئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیر لائسنس یافتہ ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اورغیرلائسنس یافتہ ڈرائیوروں کی گاڑی فوری طور پر تحویل میں لی جائے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ ٹریفک پولیس سڑکوں پر جنرل چیکنگ سے اجتناب کرے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز پر نظر رکھیں اور انہیں روکیں جس کے بعد پہلے شہری کو سلام کریں پھر اس سے ڈرائیونگ لائسنس طلب کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے لائسنس یافتہ ڈرائیورز کو جرمانہ جبکہ غیر لائسنس یافتہ ڈرائیورز کی گاڑی موقع پر تحویل میں لے لی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات کی تحقیقات سے حادثات کی ظاہری وجوہات کو روکا جاسکتا ہے۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ تمام افسران ٹریفک حادثات اور اس کی وجوہات کی جامع تحقیقات یقینی بنائیں، ٹریفک افسران روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک کی روانی اور حادثات کی نگرانی کریں، تمام متعلقہ افسران اپنے ٹریفک عملے کی تربیت کے حوالے سے باقاعدگی سے تربیتی نشستوں کا بھی انعقاد کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں