ڈی آئی خان:
درابن پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہل کار اور ایک کسٹم مزدور شہید جب کہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ رات تھانہ درابن کی حدود میں درابن پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا، حملے کے دوران دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار عصمت اللہ اور کسٹم مزدورعبد اللہ شہید ہوگئے جبکہ ایک اور پولیس اہل کار پرویز زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
شہید پولیس اہلکار عصمت اللہ کی نماز جنازہ بالی شمالی مندھراں شمالی میں ادا کرکے سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
دریں اثنا درابن کلاں چیک پوسٹ پر حملے کے بعد عملے کو معطل کردیا گیا جب کہ پولیس اہل کاروں کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا گیا۔
چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس اہل کاروں کے لیے ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ کی جانب سے جاری ہدایت نامہ میں پولیس پوسٹ اور چیک پوسٹ پر تعینات عملہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مغرب کی نماز کے بعد روڈ پر کسی بھی قسم کی چیکنگ نہیں کریں گے بلکہ اپنی پوسٹ پر ہی سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ حکم کی خلاف ورزی پر متعلقہ چیک پوسٹ کے انچارج کے علاوہ متعلقہ ایس ایچ او اور سرکل ایس ڈی پی او اور سرکل ایس پی ذمہ دار ہوں گے۔