کراچی کو پانی کی فراہمی کے نظام کو توسیع دی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے نظام کو عالمی بینک کے 1.6 ارب ڈالر کے پروگرام کے ذریعے توسیع دی جا رہی ہے، جس میں انتظامی بہتری اور فیز 2 کے تحت گنجائش میں اضافہ بھی شامل ہے۔
حب ڈیم اور حب کینال کی تعمیر اور بحالی کے کام کا معائنہ کرنے کےبعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ دفتر میں بیٹھ کر پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد حب کینال کی سائٹ پر آکر جائزہ لینے سے زیادہ بہتر معلومات ملی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں ترقی کی رفتار باقی صوبوں حتیٰ کہ وفاق سے بھی زیادہ ہے اور حکومت سندھ نے اپنی وسائل سے کئی بڑے منصوبے مکمل کیے۔
مرادعلی شاہ نے بتایا کہ کراچی کا واٹر سپلائی سسٹم عالمی بینک کی 1.6 ارب ڈالر کی امداد سے بہتر کیا جا رہا ہے، اس پروگرام کے فیز2 میں انتظامی بہتری اور گنجائش میں اضافہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے انتظامی اصلاحات کی شرط پر مالی امداد دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
کینالوں کے تنازع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ کے پانی کے حق پر پیپلزپارٹی نے کبھی خاموشی اختیار نہیں کی، اگر کسی کے کان بند ہوں تو وہ کیا کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا ہے کہ سندھ کے پانی کے ایک قطرے پر بھی سودے بازی نہیں کی جائےگی۔
نئے حب کینال کی تعمیر اور پرانے حب کینال کی بحالی کے حوالے سے سید مراد علی شاہ نے کراچی کے پانی کے بحران کو حل کرنے کا عزم کا دہرایا اور کہا کہ ہم نے شہر کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں، اور صوبائی حکومت ان کے بروقت مکمل ہونے کے لیے مکمل پرعزم ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت سندھ نے فوری طور پر کراچی کو اضافی پانی فراہم کرنے کے لیے نئے حب کینال کی تعمیر اور پرانے حب کینال کی بحالی کا منصوبہ شروع کیا ہے اورکام تیزی سے جاری ہے، توقع ہے کہ یہ منصوبہ دسمبر 2025 تک مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حب کینال منصوبہ حب پمپنگ اسٹیشنز کو اپ گریڈ کرنے، گنجائش کو 80 ایم جی ڈی سے بڑھا کر 100 ایم جی ڈی تک کرنے اور پرانے ڈھانچے کو بحال کرنے پر مشتمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 12.76 ارب روپے کے یہ منصوبے مکمل طور پر حکومت سندھ کے فنڈز سے چل رہے ہیں اور دسمبر 2025 تک مکمل ہونے کی توقع ہے، حب کینال کی تعمیر نو کا مقصد پمپنگ اسٹیشنز کو اپ گریڈ کرنا، گنجائش کو 80 ایم جی ڈی سے بڑھا کر 100 ایم جی ڈی تک کرنا، اور پرانے ڈھانچے کی بحالی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد کراچی کے پانی کے مسائل، خاص طور پر مغربی اور کیماڑی کے اضلاع میں نمایاں طور پر کم ہو جائیں گے۔