چیمپیئنز ٹرافی میچز کی میزبانی، نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر نو بروقت مکمل نہ ہوسکی

نیشنل اسٹیڈیم میں جنگلہ ہٹانے کا کام شوع ہوگیا ہے اور چیئرمین پی سی بی نے جنوری میں کام جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے

—فوٹو: ایکسپریس

کراچی:

چیمپئنز ٹرافی  2025  کی میزبان کے لیے تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی جزوی تعمیرنو اور تزئین و آرائش کے لیے اقدامات جاری ہیں تاہم بروقت کام مکمل نہیں ہوسکا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیرنو 19 فروری کو شروع ہونے والی چیمپیئنزٹرافی کے لیے ابتدائی طور پر پہلا مرحلہ 15 دسمبر اور بعد ازاں 31 دسمبر تک مکمل کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی زیرصدارت گورننگ بورڈ کے اجلاس میں مجوزہ پلان کی منظوری کے بعد تعمیراتی کام کا آغازکردیا گیا تھا۔

مذکورہ پلان کے مطابق 5 منزلہ عمارت کا انفرا اسٹرکچر توتیارکرلیا گیا ہے تاہم مختلف فلورز پرفنشنگ کا کام ہنوز پایہ تکمیکل کا منتظر ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں جنگلہ ہٹانے کا کام شوع ہوگیا ہے، گراونڈ فلور پرآئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ، اینٹی ڈوپنگ یونٹ اور میچ آفیشل کے رومز بنائے جا رہے ہیں،  پہلی منزل پر دو ڈریسنگ رومز کی تعمیر ہوگی، دوسری اور تیسری منزل پر ہاسپیٹیلیٹی باکسز بنائے جائیں گے، چوتھی منزل پر میڈیا سینٹر کی تعمیر شیڈول ہے۔

اسٹیڈیم کے تعمیر نو کے پہلے مرحلےمیں ہٹائے جانے والے اسکور بورڈ کی جگہ نئے ڈیجیٹل اسکور اسکرینز کی تنصیب ہوگی، جدید طرزکی ایل ای ڈی لائٹس بھی نصب کی جائیں گی۔

پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی  نے جنوری میں بھی  تعمیراتی کام  جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے تاکہ دوسرے اور تیسرے مرحلہ میں دیگر تعمیراتی کام ہو۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کی تزئن و آرائش کے لیے 3 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

آئی سی  سی کی جانب سے جاری شیڈول  کے تحت چیمپئینز ٹرافی 2025 کے تین میچوں کی میزبانی نیشنل اسٹیڈیم کراچی کرے گا۔

دریں اثنا نیشنل اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کام کے سبب 2 جنوری سے شروع ہونے والا قائد اعظم ٹرافی کا فائنل یوبی ایل گراونڈ منتقل کردیا گیا ہے اور اسی طرح ویسٹ انڈیزکے خلاف سیریز کا 17 سے 21 جنوری تک شیڈول پہلا ٹیسٹ بھی کراچی سے ملتان منتقل کیا جا چکا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان، نیوزی لینڈ اورجنوبی افریقہ کے درمیان شیڈول سہ فریقی ون ڈے سیریز کا 12 فروری کو ہونے والا تیسرا میچ اور 14 فروری کو شیڈول فائنل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ چیمپئینز ٹرافی کے لیے تیاریوں کا حتمی اورعملی جائزہ ہوگا۔

Load Next Story