کراچی میں سردی کی شدت برقرار، بالائی سندھ میں بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں سردی کی لہربرقرار ہے، منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روز کی نسبت ایک ڈگری بڑھ گیا، صبح کےوقت دھند چھانے کے سبب حدنگاہ کم ہوکرڈھائی کلومیٹرریکارڈ ہوئی،بدھ کو بالائی سندھ کےاضلاع میں تیزہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح ورات کے اوقات میں سرد وخشک موسم برقرار ہے، منگل کی صبح شہرکا کم سےکم پارہ دوسرے روزبھی 10.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روزکےمقابلے میں ایک ڈگری اضافے سے27 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
صبح کے وقت شہرکی فضاؤں پردھند چھانے کے سبب حد نگاہ کم ہوکرڈھائی کلومیٹرریکارڈ ہوئی، ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق بلوچستان اوربالائی وسطی سندھ کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کے سبب اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اورخشک رہنے کی توقع ہے۔
جمعرات کوکچھ وقت کے لیے سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں فعال ہوسکتی ہیں،جس کی وجہ سے شہرکے مجموعی درجہ حرارت میں معمولی اضافے کا امکان ہے، دیہی سندھ کے بالائی اوروسطی اضلاع میں رات وصبح کے وقت دھند چھانے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بدھ کی شام تا رات مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی، یہ سلسلہ 6 جنوری تک برقراررہ سکتا ہے،اس دوران یکم سے 4 جنوری کے دوران کوئٹہ،زیارت،چمن،پشین،قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، ہرنائی اورموسیٰ خیل میں تیزہواؤں اورگرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ 3اور4جنوری کے دوران بالائی سندھ میں تیزہواؤں اورگرج چمک کےساتھ ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے۔