کراچی، نئے سال کی آمد کا جشن، ہوائی فائرنگ سے 29 افراد زخمی

پولیس کے پیشگی اقدامات کے باوجود فائرنگ سے مختلف علاقے گونجتے رہے

کراچی:

شہر قائد میں سال 2025 کی آمد پر جہاں اس کا استقبال شاندار آتش بازی سے کیا گیا تو وہیں ہوائی فائرنگ سے شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے۔

سال نو کی آمد کے موقع پر جشن منانے کے اس غیر قانونی انداز کی وجہ سے دو خواتین سمیت 29 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے پیشگی اقدامات کے باوجود فائرنگ سے مختلف علاقے گونجتے رہے۔

چھیپا حکام کے مطابق لیاقت آباد کے مختلف علاقوں میں رات کے بارہ بجتے ہی ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس سے 3 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

گلشن پیالہ ہوٹل کے قریب ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شخص کو نجی اسپتال منتقل گیا۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14C چمن عطار مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔

کراچی سیکٹر فائیو کے میں گولی لگنے سے 22 سالہ نوجوان، ملیر ماڈل کالونی میں گولی لگنے سے 17 سالہ نوجوان، گارڈن نشتر روڈ باغ ہالار کے قریب گولی لگنے سے 55 سالہ عمر فاروق، ملیر کالا بورڈ نہال اسپتال کے قریب گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 10 سالہ لڑکا زخمی ہوا۔

جبکہ جوہر آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں گولی لگنے سے 25 سالہ حارث، منگھوپیر صائمہ عربین کے قریب 17 سالہ کامران گولی لگنے سے زخمی ہوگیا اور سچل کے علاقے اسکیم 33 فاریہ چوک کے قریب 35 سالہ عمار زخمی ہوگیا۔

سپر مارکیٹ لیاقت آباد ڈاکخانہ کے قریب گولی لگنے سے 32 سالہ فرحان جبکہ لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 25 سالہ عبدالرشید زخمی ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

 

Load Next Story