حیدر آباد:
نئے سال کے آغاز کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے متعدد واقعات میں ایک بچے اور چار خواتین سمیت گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت میں بہتری آرہی ہے، اور تمام متاثرہ افراد مختلف سمتوں سے آنے والی گولیوں کا شکار بنے ہیں۔
زخمیوں میں 9 سالہ عبدالہادی، 20 سالہ ذیشان، 40 سالہ مہرین عظیم، 14 سالہ سیف اللہ، 60 سالہ گلشن بانو، 17 سالہ انس قریشی، 12 سالہ عرومہ، 25 سالہ رابعہ یاسین، 24 سالہ ارشد حسین، 19 سالہ فیضان علی اور 47 سالہ اعظم خان شامل ہیں۔
اسپتال ذرائع نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی گئی اور ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
پولیس حکام نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ہوائی فائرنگ کے مجرموں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔