سال 2024 کا آخری اور سال 2025 کا پہلا مقدمہ کس تھانے میں درج ہوا؟ جانیے

دونوں مقدمات میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں

لاہور:

سال 2024 میں آخری مقدمہ تھانے رائے ونڈ سٹی پولیس تھانہ اور سال 2025 کا پہلا مقدمہ تھانہ چوہنگ میں درج کیا گیا۔

دونوں مقدمات میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں، جن میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

تھانہ چوہنگ پولیس نے ملزم محمد قاسم کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ ملزم کو ایس ایچ او چوہنگ، انسپکٹر ناصر حمید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم گجرات کا رہائشی ہے اور اس کے قبضہ سے غیر قانونی رائفل اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ ایس ایچ او چوہنگ نے ملزم کو تفتیش کے لیے تھانہ منتقل کر دیا۔

دوسری جانب، رائے ونڈ سٹی پولیس نے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم غلام مصطفی کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضہ سے رائفل اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ ایس ایچ او رائے ونڈ سٹی، وقار بخاری کی قیادت میں یہ کارروائی کی گئی جس میں ایس پی صدر ڈاکٹر غیور احمد خان کی نگرانی شامل تھی۔

ایس پی صدر ڈاکٹر غیور احمد خان اور دونوں ایس ایچ اوز، انسپکٹر ناصر حمید (چوہنگ) اور وقار بخاری (رائے ونڈ سٹی) نے پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائی پر شاباش دی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔

پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے معاملے میں قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

Load Next Story