کراچی، سال نو پر ہوائی فائرنگ کے الزام میں 30 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

تمام گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، پولیس


عامر خان January 01, 2025

کراچی:

پولیس نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں سال نو کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ اور شور و غل کرنے کے الزام میں 30 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا۔

ایس ایس پی غربی طارق الہی مستوئی کے مطابق، ضلع غربی پولیس نے سال نو پر ہوائی فائرنگ میں ملوث 12 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان ملزمان میں تھانہ اورنگی سے 3، منگھوپیر سے 3، سرجانی سے 2، گلشن معمار سے 2، پاکستان بازار سے 1 اور مومن آباد سے 1 ملزم شامل ہیں۔ پولیس نے ان ملزمان کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والے 13 پستول اور رائفلز برآمد کیں۔

ایس ایس پی کیماڑی کپیٹن (ر) فیضان علی کا کہنا تھا کہ ضلع کیماڑی پولیس نے سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کیا۔ یہ ملزمان تھانہ ڈاکس سے 2، سعیدآباد سے 2، اتحاد ٹاؤن سے 1 اور تھانہ جیکسن کی حدود سے 1 ملزم تھے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کیا۔

ایس ایس پی ضلع وسطی ذیشان شفیق صدیقی نے اطلاع دی کہ ضلع وسطی پولیس نے سال نو پر ہوائی فائرنگ کے الزام میں 7 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان میں خواجہ اجمیر نگری سے 2، لیاقت آباد سے 1، سپر مارکیٹ سے 1، جوہر آباد سے 1 اور سرسید کی حدود سے 2 ملزمان شامل ہیں۔ پولیس نے ان ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا۔

ترجمان کورنگی پولیس کے مطابق، کورنگی کے مختلف علاقوں میں سال نو کی رات ہوائی فائرنگ اور شور شرابے میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں 2 ملزمان زمان ٹاؤن، 3 ملزمان کورنگی انڈسٹریل ایریا اور 6 ملزمان لانڈھی سے گرفتار کیے گئے ہیں۔ پولیس نے شور و غل اور ہلڑ بازی کے الزام میں گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

تمام گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور پولیس نے عوامی تحفظ کے لیے مزید اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں