کراچی، دو مذہبی جماعتوں کے 6 مقامات پر دھرنے جاری، ٹریفک کی روانی متاثر

متبادل راستوں پر بھی ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، ٹریفک پولیس


ویب ڈیسک January 01, 2025
File Photo

کراچی:

شہر قائد میں آج دو مذہبی جماعتوں کی جانب سے 6 مختلف مقامات پر دھرنے دیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے متعدد سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ایک مذہبی جماعت نے 4 مقامات پر دھرنے دیے ہیں، جن میں ابو الحسن اصفہانی روڈ، عباس ٹاؤن، کامران چورنگی، نمائش چورنگی اور واٹر پمپ انچولی شامل ہیں۔

دوسری جماعت نے 2 مقامات گلبائی پراچہ چوک اور شاہراہ اورنگی ٹاؤن پونے پانچ نمبر پر دھرنے دیے ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق دھرنوں کے مقامات پر سڑکوں کے ایک ٹریک مکمل طور پر بند ہے جبکہ دوسرے ٹریک پر ٹریفک کو رواں رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

صبح کا وقت اور سردی کے باعث مجموعی طور پر شہر بھر میں ٹریفک معمول سے کم نظر آ رہی ہے۔

دھرنوں کے باعث ان علاقوں کے اطراف میں کئی سڑکیں بند ہو چکی ہیں اور متبادل راستوں پر بھی ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن کے بعد کئی مقامات پر دھرنوں کو ختم کر دیا گیا ہے، تاہم دھرنوں کے متاثرہ علاقوں میں ابھی بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

مسافر حضرات سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور احتجاجی علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔

اگر جانا انتہائی ضروری ہو تو متبادل راستوں کا انتخاب کریں تاکہ پریشانی سے بچا جا سکے۔

مزید رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں