آریان خان کے معاشقے کنگ خان کو بدنام کرنے لگے
بالی ووڈ کے کنگ خان کے صاحبزادے آریان خان کے معاشقے ان کے لیے بدنامی کا باعث بننے لگے ہیں۔
سال نو کے جشن میں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان کا برازیل سے تعلق رکھنے والی اپنی ’’نئی گرل فرینڈ‘‘ کے ساتھ شرکت نے انھیں خبروں کی زینت بنادیا ہے۔
سپر اسٹار کے بیٹے کا شمار ستاروں کے ایسے بچوں میں ہوتا ہے جو شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے سے پہلے ہی شہرت حاصل کرچکے ہیں۔ شاہ رخ خان کے بیٹے ہونے کی حیثیت سے آریان میڈیا کی نظروں میں ویسے ہی رہتے ہیں، اس لیے ان کے معاشقے بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔
آریان خان منشیات کیس میں خبروں میں رہنے کے علاوہ اب اپنی زندگی میں آنے والی محبتوں کے حوالے سے بھی اکثر و بیشتر شہ سرخیوں کا حصہ بن رہے ہیں، کیونکہ ان کا نام کسی نہ کسی لڑکی کے ساتھ جڑا نظر آتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان برازیل سے تعلق رکھنے والی لریسا بونیسی نامی ماڈل و اداکارہ کی محبت میں مبتلا ہوچکے ہیں اور انہیں ڈیٹ کر رہے ہیں۔ ان افواہوں کو تقویت اس وقت ملی جب گزشتہ شب سال نو کے جشن پر آریان اور لریسا ساتھ دکھائی دیے۔
افواہیں ہیں کہ نئے سال کے موقع پر آریان خان اور لارسا بونسی کو شہر میں گھومتے پھرتے ایک ساتھ خوشگوار وقت گزارتے ہوئے اور جشن مناتے ہوئے دیکھا گیا، جس نے ان کے تعلقات کے بارے میں قیاس آرائیوں کو مزید تقویت ملی ہے۔