’گورنر ہاؤس سندھ میں آتشبازی کا عالمی ریکارڈ قائم‘

عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا، سندھ کو ایک اور عالمی ریکارڈ کا حامل بنا دیا، گورنر سندھ


ویب ڈیسک January 01, 2025
آتش بازی کیلیے 155 ڈیسی بلز کے گولے استعمال ہوتے ہیں جس سے قریب کھڑا شخص سماعت سے محروم ہوسکتا ہے، ماہرین، فوٹو: فائل

کراچی:

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سال نو کے موقع پر گورنر ہاؤس سندھ میں 40 منٹ تک آتش بازی کرکےعالمی ریکارڈ قائم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور  گورنر ہاؤس میں عالمی ریکارڈ قائم ہونے پر عوام کو مبارکباد دی۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ آتشبازی کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا گیا ہے، عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا ہوا، سندھ کو ایک اور عالمی ریکارڈ کا حامل بنا دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نئے سال 2025ء کا استقبال کرنے کے لیے سال نو کا جشن عالمی طرز پر منانے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ لندن، پیرس اور نیویارک کی طرح کراچی میں بھی شاندار آتش بازی ہوگی۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا تھا کہ سالِ نو کی آمد کو اُمید اور روشنی کی کرنوں کے ساتھ خوش آمدید کہیں گے۔ گورنر ہاؤس میں سالِ نو کے استقبال کے لیے شاندار آتش بازی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ سالِ نو کے موقع پر قوالی کی یادگار محفل کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں ملک کے معروف قوال افضل صابری گورنر ہاؤس میں اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ سالِ نو کے جشن کے لیے تاریخی اسٹیج کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔ کراچی کی رونقیں بحال کرنے کے لیے اپنی بھرپور کوشش جاری رکھوں گا۔ شہر قائد کے تمام رہنے والوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور گورنر ہاؤس میں ہمارے ساتھ جشن منائیں۔ گورنر ہاؤس میں کلچرل پروگرامز شہریوں کو امید اور حوصلہ دینے کی ایک کاوش ہیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں