راولپنڈی:
اے این ایف کی مختلف کارروائیوں میں 58 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق ملک بھر میں انسداد منشیات اسمگلنگ کریک ڈاؤن جاری ہے، اس دوران 10 کارروائیوں میں 11 ملزمان کو گرفتار کرکے 58 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 32.914 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔
حکام نے راولپنڈی میں کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 24 گرام ویڈ برآمد کرلی۔ دوسری جانب ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 12 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
علاوہ ازیں اسلام آباد میں ایم ون موٹر وے کے قریب ایک اور کارروائی میں ملزم سے 1.2 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ اُدھر گوادر میں جیوانی کے غیر آباد علاقے میں چھپائی گئی 10 کلو چرس برآمد کی گئی۔ اسی طرح مہریہ ٹاؤن اٹک کے قریب ملزم کے قبضے سے 6 کلو چرس برآمد ہوئی۔
اقبال شہید ٹول پلازہ جی ٹی روڈ اٹک کے قریب 3 کارروائیوں میں 3 ملزمان کے قبضے سے 120 عدد نشہ آور گولیاں، 290 افیون اور 136 گرام چرس برآمد ہوئی۔ راولپنڈی میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے قریب ملزم سے 1.2 کلو چرس برآمد کی گئی جب کہ سہراب گوٹھ الآصف سکوائر کراچی میں ٹرالی بیگ سے 2 کلو ہیروئن برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
تمام کارروائیوں میں گرفتار کیے گئے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔