لاہور:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دن رات کام کرکے عوام کی خدمت کا وعدہ نبھائیں گے۔
سالِ نو کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ پوری قوم کو نئے سال کی آمد پر مبارک باد پیش کرتی ہوں۔ دعا ہے سال نو پاکستان کے عوام کے لیے خوشی اور خوشحالی کی نوید ہو۔ عوام کی خوشیوں ،صحت ، جان ومال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت دعا گو ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سال نو میں انفرادی اور اجتماعی طور پر نئی شروعات اورروشن مستقبل کے آغاز کا عزم کرتے ہیں۔ عوام کی خدمت ، حفاظت اور ترقی کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ نواز شریف کینسر اسپتال ، سرگودھا کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ ، آٹزم اسکول اور آئی ٹی سٹی کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ دعا ہے سال نو وطن عزیز سے غربت و افلاس، دہشت گردی وانتہا پسندی اور جرائم کے خاتمے کا سال ہو۔ 2024 میں تعلیم، زراعت، توانائی، صحت سمیت ہر شعبے میں تاریخی اور ریکارڈ پراجیکٹ لائے، اب مزید آگے بڑھیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم ایک مستحکم ، روشن اور خوشحال مستقبل کا عزم کرتے ہیں۔ 2024ء میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں شہادت کا رتبہ پانے والے ہر جوان اور افسر کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سال نو کے آغاز میں عہد کرتے ہیں کہ دن رات کام کریں اور عوام کی خدمت کا وعدہ نبھا ئیں گے۔ دعا ہے 2025 کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو۔