ورلڈ پاپولیشن ریویو نے ماحولیاتی کارکردگی انڈیکس (Environmental Performance Index) کی بنیاد پر 2024 کے دنیا کے سب سے صاف ستھرے ممالک کی فہرست ترتیب دی ہے۔
ورلڈ پاپولیشن ریویو کی ویب سائٹ کے مطابق اس فہرست میں 180 ممالک کی درجہ بندی انڈیکس ییل یونیورسٹی، کولمبیا یونیورسٹی اور ورلڈ اکنامک فورم (WEF) کے تعاون سے کی گئی ہے۔
اس درجہ بندی کے لیے 40 مختلف اشاریے استعمال کیے جاتے ہیں جن میں ماحولیاتی صحت، ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی کارکردگی کے معیار کو جانچا جاتا ہے۔
سال 2024 میں ایسٹونیا 75.3 کے اسکور کے ساتھ سرفہرست ہے جو اس کی ماحولیاتی پالیسیوں اور آلودگی کے کم سطح کی عکاسی کرتا ہے۔
دوسرے نمبر پر لکسمبرگ ہے جس کا انوائرمینٹل پرفارمنس انڈیکس 75 ہے جب کہ 74.6 اسکور کے ساتھ جرمنی تیسرے نمبر پر ہے۔
اس کے بعد فن لینڈ، برطانیہ، سویڈن، ناروے، آسٹریا، سوئٹزرلینڈ اور ڈنمارک بالترتیب چوتھے سے دسویں نمبر تک ہیں۔
ان ممالک کی ماحولیاتی صفائی میں نہ صرف بہتری نظر آئی بلکہ انسانی صحت بھی بہتر ہوئی کیونکہ صاف پانی، خالص ہوا، اور مؤثر صفائی کے ذریعے بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
180 ممالک کی فہرست میں بھارت کا نمبر 175 اور بنگلادیش 174 ویں نمبر پر ہے جب کہ پاکستان کا نمبر 178 ہے جس کے بعد دو آخری ممالک بالترتیب ویت نام اور مغربی افریقی ملک گنی بساؤ ہے۔
یاد رہے کہ عالمی سطح پر آلودگی کے اعلیٰ سطح والے ممالک میں غیر متعدی بیماریوں کی شرح زیادہ ہوتی ہے جو عالمی اموات کا 72 فیصد حصہ ہیں۔