بھارتی پنجابی گلوکار گرداس مان نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے انہیں اپنی بیٹی کی شادی میں پرفارم کرنے پر 500 روپے بطور تعریف دیئے تھے۔
مشہور رئیلٹی شو کون بنے گا کروڑ پتی سیزن 16 میں گلوکار شنکر ماہدیو اور گرداس مان نے شرکت کی، پروگرام کے دوران گرداس مان نے کہا کہ وہ بالی ووڈ کے شہنشاہ کے سامنے بیٹھے ہیں یہ ان کیلئے بےحد خوشی کی بات ہے۔
اسی دوران امیتابھ بچن نے ناظرین کو بتایا کہ ان کے دونوں بچوں ابھیشیک اور شویتا بچن کو پنجابی لوک گانے بےحد پسند ہیں اور وہ اب تک انہیں سنتے ہیں۔ اداکار کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اپنی بیٹی سے پوچھا کہ یہ گانے انہیں کیوں اور کب پسند آئے تو انہوں نے بتایا کہ وہ بچپن میں گردوارے جاتے تھے جہاں یہ گانے سنتے تھے یہی وجہ ہے کہ دونوں بہن بھائی مداح ہوگئے۔
گرداس نے امیتابھ بچن کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ سچ ہے اور اس کی ایک مثال شویتا بچن کی شادی ہے کیونکہ انکی شادی پر مجھے وہاں پرفارم کرنے کیلئے بلایا گیا تھا اور امیتابھ بچن نے مجھے 500 کا ایک کڑک نوٹ بھی دیا تھا جس کو میں نے آج تک سنبھال کر رکھا ہوا ہے‘۔