NEW ORLEANS:
امریکا کے شہر نیو اورلیئنز میں ڈرائیور نے گاڑی ہجوم پر چڑھادی، جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیو اورلیئنز کے میئر نے واقعے کو ‘دہشت گردی کا حملہ’ قرار دیا اور محکمہ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ اینا کرک پیٹرک نے بتایا کہ دو پولیس افسران بھی نشانہ بنے۔
کرک پیٹرک نے بتایا کہ جائے وقوع سے دھماکا خیز مواد بھی ملا ہے۔
پولیس نے اس سے قبل بتایا تھا کہ وہ شہریوں کی ہلاکتوں پر کارروائی کر رہے ہیں جہاں شہریوں کی کثیر تعداد نشانہ بنی ہے اور حکام نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ جائے وقوع سے دور رہیں۔
لوئیسیانا کے گورنر جیف لینڈری نے سوشل میڈیا پر صورت حال کے حوالے سے بیان میں کہا کہ بوربون اسٹریٹ میں ایک ہول ناک واقعہ پیش آیا، تمام متاثرین کے لیے دعا گوہ ہوں اور امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جائے وقوع کے قریب موجود تمام شہریوں کو وہاں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ نیواورلیئنز میں نئے سال کا جشن مکمل کرنے کے بعد اور شہر میں کالج کے فٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل مقابلے آل اسٹیٹ باؤل کے آغاز سے چند گھنٹے قبل پیش آیا جہاں تماشائیوں کی بڑی تعداد میں آمد متوقع تھی۔