کراچی:
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ممالک کی ایئرلائنز میں فضائی خدمات سر انجام دینے کے لیے تربیت یافتہ پاکستانی پائلٹس کو ایکسپورٹ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار نے پاکستان سے پائلٹس ایکسپورٹ کرنے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہمارے ریجن کے اندر کاک پٹ پائلٹس کی انتہائی کمی ہے، سی اے اے نے اس معاملے پر کام شروع کردیا ہے۔
پاکستانی ہوابازی کی صنعت کو جتنے کپتانوں کی ضرورت ہے وہ تیار کیے جا رہے ہیں جو پاکستانی ایئرلائنز کی ضرورت سے زائد ہوں گے ان کی خدمات غیر ملکی ایئرلائنز کو دی جائیں گی۔
نادرشفیع ڈارکے مطابق دو بین الاقوامی کمپنیوں نے منصوبے کے حوالے سے اپنی دلچسپی دکھائی، ایک انٹرنیشنل کمپنی نے فیز1 پر کام شروع کردیا اور گراونڈ ٹریننگ دینے کا آغاز بھی کردیا ہے، غیر ملکی کمپنی نے پاکستان سے نوجوانوں کو شارٹ لسٹ کیا اور بعدازاں ان کو شارجہ میں اپنی اکیڈمی لے جا کر ایئرکرافٹس پر فلائٹ ٹریننگ دی، تربیت مکمل کرنے والے 8 پائلٹس نے پاکستان کی نجی ایئرلائنز میں کام بھی شروع کردیا۔
اب نئے پلان کے تحت سی اے اے نے ٹریننگ کاک پٹ سے کمرشل کاک پٹ تک کمپنیر نے معاہدے کر لیے، معاہدے کے تحت کمپنیر پہلے ٹریننگ کراتی ہیں اور پھر کمرشل ایئرلائن جوائن کر دیتے ہیں، ٹریننگ اکیڈمیز کے پاکستان آنے کے بعد ہماری کوشش ہوگی کہ ان نوجوانوں کو فنائنس کریں، لوکل فلائنگ کلبز کو بھی پاکستان میں اپنی صلاحتیں بڑھانے کی درخواست کی ہے، اس عمل سے ملک میں ایوی ایشن انڈسٹری کو ترقی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے پائلٹس کو بنانے کے لیے ابتدائی فلائنگ گھنٹے مکمل کرنے میں ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت آتی ہے۔