سماعت سے محروم افراد کیلیے خوشخبری، پی ٹی اے اور ڈیف ٹاک کے درمیان معاہدہ

پی ٹی اے اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں اے آئی پر مبنی ٹیکسٹ ٹو سائن اور اسپیچ ٹو سائن ٹولز بھی شامل کرے گا


اسٹاف رپورٹر January 01, 2025

اسلام آباد:

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ڈیف ٹاک کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت کا معاہدہ طے پاگیا ہے جس کا مقصد خصوصی افراد (سماعت سے محروم) کے لیے عوامی خدمات تک رسائی میں بہتری لانا ہے۔

اس حوالے سے بدھ کو اسلام آباد سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ یہ تقریب عوامی شعبے میں شمولیت کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اس شراکت کے تحت، ڈیف ٹاک کی جانب سے "ڈیف ٹاک پلس" کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی تاکہ پی ٹی اے کے دفاتر کا دورہ کرنے والے سماعت سے محروم افراد کے لیے اشاروں کی زبان میں ترجمے کی آن لائن سہولت مہیا کی جا سکے۔

پی ٹی اے اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں اے آئی پر مبنی ٹیکسٹ ٹو سائن اور اسپیچ ٹو سائن ٹولز بھی شامل کرے گا اور سالانہ جائزے کے ذریعے رسائی کے عمل کو مسلسل بہتری کی جانب یقینی بنایا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمٰن نے اس اقدام کے بارے میں کہا کہ رسائی ایک بنیادی حق ہے۔ اس شراکت سے ڈیجیٹل خلا کے خاتمے اور پسماندہ طبقوں کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔

ڈیف ٹاک کے سی ای او علی شبر اور کنٹری ہیڈ رشم راجہ نے شمولیت کے عمل کو فوقیت دینے پر پی ٹی اے کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں سماعت سے محروم دس ملین افراد کے لیے درپیش رابطوں سے متعلقہ چیلنجز کے حل اور مساوی فروغ میں ممد و معاون ثابت ہو گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں