سعودی عرب میں 6 ایرانی شہریوں کے سر قلم

سعودی وزارت داخلہ نے بیان میں بتایا کہ ایرانی شہریوں کی سزا پر دمام میں عمل درآمد کیا گیا


ویب ڈیسک January 01, 2025
سعودی وزارت داخلہ نے سزائے موت پر عمل درآمد کب کیا گیا کچھ نہیں بتایا—فوٹو: فائل

RIYADH, SAUDI ARABIA:

سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کے جرم میں ایران کے 6 شہریوں کا سر قلم کردیا گیا۔

سعودی پریس ایجنسی نے رپورٹ میں بتایا کہ منشیات اسمگلنگ کے جرم میں سزا پانے والے ایرانی شہریوں کا خلیجی ساحلی شہر دمام میں سرقلم کردیا گیا۔

منشیات اسمگلنگ کے حوالے سے سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ مذکورہ افراد کو خفیہ طریقوں سے سعودی عرب میں چرس لانے پر سزا دی گئی ہے تاہم مذکورہ افراد کی سزا پر کب عمل درآمد کیا گیا اس حوالے سے بیان میں کچھ نہیں بتایا۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں 2024 میں منشیات اسمگلنگ کے جرم میں 117 افراد کے سرقلم کردیے گئے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے 2023 میں انسداد منشیات کی مہم شروع کردی تھی اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے تھے اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی تھیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق سعودی عرب 2023 میں سب سے زیادہ سزائے موت دینے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر تھا، اس سے پہلے چین اور ایران موجود تھے۔

انسانی حقوق کے ادارے سعودی عرب کے اس قانون پر مسلسل تنقید کررہے ہیں جبکہ سعودی عرب کی حکومت کا مؤقف ہے کہ امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے سزائے موت کا قانون ضروری ہے اور اس پر اسی وقت عمل درآمد کیا جاتا ہے جب اپیل مسترد ہو یا تمام مواقع ختم ہوجاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں