غفلت و لاپروائی سے گاڑی چلا کر شہری کو ہلاک کرنے والے ٹریفک پولیس افسر کی ویڈیو وائرل

کلفٹن پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایس او مومن آباد ٹریفک سیکشن شاہد ہنگورو کو گرفتار کر لیا


اسٹاف رپورٹر January 01, 2025

کراچی:

کلفٹن پولیس نے شہریوں کے تیز رفتاری پر چالان کرنے والے ایس او مومن آباد ٹریفک سیکشن کو تیز رفتاری اور غفلت سے گاڑی چلاتے ہوئے سوزوکی پک کو عقب سے ٹکر مارنے اور اس کے نتیجے میں ڈرائیور کی ہلاکت کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

پولیس نے ایس او کے خلاف متوفی کے بھتیجے کی مدعیت میں قتل خطا سمیت دیگر دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا، حادثہ منگل کی شب پیش آیا جبکہ حادثے کے ذمہ دار ایس او مومن آباد ٹریفک سیکشن شاہد ہنگورو کی جائے وقوعہ پر بھاری مالیت کی گاڑی میں بیٹھے ہوئے بات چیت کرنے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں وہ بولتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں کہ ایکسیڈنٹ ہوگیا تو ہوگیا۔

اس حوالے سے کلفٹن پولیس نے سوزوکی ڈرائیور کی ہلاکت کا مقدمہ نمبر 01 سال 2025 بجرم دفعات 320 اور 427 کے تحت متوفی شوکت کے بھتیجے کی مدعیت میں درج کرلیا جس میں قتل خطا کی دفعہ 320 کو بھی شامل کیا گیا ہے، مقدمے میں ایس او پر غفلت و لاپروائی سے گاڑی چلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ گرفتار ایس او مومن آباد کو انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔

گرفتار ایس او انسپکٹر شاہد ہنگورو اپنی ڈیوٹی ختم کر کے واپس گھر جا رہا تھا کہ انڈر پاس کے قریب کھڑی ہوئی خراب سوزوکی پک اپ کو تیز رفتاری کے باعث عقب سے ٹکر ماری تھی جبکہ شاہد ہنگور گزشتہ کئی سالوں سے سیکشن آفیسر تعینات ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں