بالی وڈ کے مشہور اداکار اور سیاستدان روی کشن نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ انوراگ کشیپ کی مشہور فلم گینگز آف واسع پور کا حصہ بننے سے کیوں محروم رہ گئے۔
یوٹیوب پر شبھنکر مشرا کے ساتھ بات کرتے ہوئے روی کشن نے بتایا کہ انہیں فلم میں ایک کردار کے لیے منتخب کیا گیا تھا، لیکن ان کے غیر معمولی طرز زندگی اور "انوکھے مطالبات" کی افواہوں کی وجہ سے انہیں نکال دیا گیا۔
انٹرویو میں روی کشن نے اپنی ماضی کی عادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "میں دودھ کے ساتھ نہایا کرتا تھا، اور مجھے اس میں مزہ آتا تھا۔ کسی نے یہ بات انوراگ کشیپ تک پہنچا دی۔ میں تھوڑا انوکھا ہوں، اسی لیے میں ایک آرٹسٹ ہوں۔ اگر میں عام انسان ہوتا تو دفتر میں ٹفن لے کر کام کر رہا ہوتا۔"
روی کشن نے کہا کہ ان کے بارے میں کچھ افواہیں سچ تھیں، جبکہ کچھ جھوٹ۔ انہوں نے مزید بتایا، "انو راگ نے کہا کہ میرے مطالبات کا بجٹ ان کے پاس نہیں تھا، اس لیے مجھے فلم سے ہٹا دیا گیا۔" انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "فلم میں شامل ہر شخص اس کے بعد مشہور ہو گیا۔"
اگرچہ روی کشن گینگز آف واسع پور کا حصہ نہیں بن سکے، لیکن بعد میں انہوں نے انو راگ کشیپ کے ساتھ فلم مکّا باز میں کام کیا۔ تاہم، روی کشن کے پارلیمنٹ میں منشیات کے خلاف سخت موقف کے بعد ان کے تعلقات کشیدہ ہو گئے۔
ایک انٹرویو میں انوراگ کشیپ نے دعویٰ کیا کہ روی کشن ماضی میں بھنگ کا استعمال کرتے تھے۔ انہوں نے کہا، "لمبے عرصے تک وہ بھنگ استعمال کرتے رہے ہیں، سب جانتے ہیں۔ شاید اب وہ وزیر بننے کے بعد چھوڑ چکے ہوں۔"