لاہور:
رہنما تحریک انصاف شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے جب مذاکرات ہوں گے تو یقیناً بہت سے ایشوز ہوں گے، مین ایشوز جن پر بات ہو سکتی ہے وہ یہ دو ہیں، ایسا بھی نہیں ہے کہ ہم کوئی فیور مانگ رہے ہیں لیکن اگر رول آف لا ہو گا انصاف ہو گا تو یہ لوگ رہا ہو جائیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام اسٹیٹ کرافٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان کبھی بھی کسی بھی صورت این آر او نہیں لے گا،ان مذاکرات کے دوران ہماری کوشش رہے گی کہ کم از کم عدالتی نظام پر پریشر ختم ہو
رہنما مسلم لیگ (ن) خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ سب سے پہلے سیاسی قیدی کی تعریف کرنی پڑے گی کہ سیاسی قیدی کون ہے، ہم سیاسی قیدی کی تعریف جانتے ہیں، سیاسی قیدی وہ ہوتا ہے جوکسی نظریے کی وجہ سے قید کیا جائے جیسے نیلسن منڈیلا تھا یا اور بہت سے لوگ تھے، جو ایک سسٹم کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے، یہ کون سے سسٹم کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے؟۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ این آر او کی کسی نے آفر نہیں دی، اگر ہے تو وہ اس کا نام لے دیں ہم کس پوزیشن میں ان کو این آر او دے سکتے ہیں؟، کسی نے کسی کو نہیں کہا کہ آپ بنی گالہ جا کر ٹھہریں۔
رہنما پیپلزپارٹی شہلا رضا نے کہا کہ یہاں جو بات ہو رہی ہے فوہ صرف پاکستان پیپلزپارٹی نہیں ہے، تمام سیاسی جماعتیں ہیں اور ان کے سامنے یہ بات رکھی جائے گی تو اس سے ایک کوشش ہو گی کہ اتفاق رائے پیدا ہوکہ معاملات کس طرح حل کرنے ہیں اس میں پیپلزپارٹی کی اپنی کوئی شرط نہیں ہوگی۔
ہم یہ چاہیں گے کہ ہم جس طرح حکومت کو سپورٹ کر رہے ہیں تو حکومت کی سپورٹ کیلیے جو بھی راستے اسموتھ ہو سکتے ہیں ہم وہ کریں تو اگر اتفاق رائے پیدا ہو گا تو بالکل پیپلزپارٹی سپورٹ کرے گی، ملکی حالات کو بہتر کرنے کیلیے پیپلزپارٹی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش بھی کرے گی اور سپورٹ بھی کرے گی۔