خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے مالی سال کے پہلے 6 ماہ 24.2 ارب روپے اکٹھا کیے

رواں مالی سال محاصل میں 45 فیصد اضافہ ہوا


ویب ڈیسک January 02, 2025

 خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی ( کیپرا) نے رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 24.2 ارب روپے کے محاصل  اکٹھے کر لیے۔

ترجمان کیپر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، کیپرا نے گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 16.7 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کیے تھے، جس سے رواں مالی سال کے دوراں محاصل میں 45 اضافے کی تصدیق ہوتی ہے۔ مجموعی طور پر گزشتہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران کیپرا کے محاصل میں 7.5 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 18.15 ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سس کی مد میں6.07 ارب روپے کے محاصلے اکٹھے کیے گئے ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں کیپرا نے سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 14.6 ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 2.1 ارب روپے جمع کیے تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں  26 فیصد جبکہ انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 189 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی فوزیہ اقبال نے کیپرا کے افسران کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ان کی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کیا ۔ ان کا کہنا تھا اگر ہم اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام کرتے رہے تو جون کے اختتام پر ہم نہ صرف رواں مالی سال کے لیے دیے گئے 47 ارب روپے کےہدف کو نہ صرف حاصل کریں گے بلکہ دیے گئے ہدف سے زیادہ کے محاصل اکٹھے کر لیں گے۔ کیپرا کی جانب سے ہم اپنے ٹیکس دہندگان کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے اوپر اعتماد کیا، ہمارے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھا اور خیبر پختونخوا کو مالی طور پر خود مختار صوبہ بنانے کے ہمارے مشن میں ہماری مدد کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں