اسلام آباد:
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ برس 2024ء میں حکومت نے چیلنجز کو بہتر طریقے سے کنٹرول کیا، حکومت قوم کے ساتھ وعدوں پر عمل کے لیے کوشاں ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 2024ء ہمارے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل تھا، اسی سال ملک میں انتخابات کا انعقاد ہوا، جس میں عوام نے مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ دیا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ نیا سال 2025ء بھی پاکستان کے لیے بہترین ثابت ہوگا۔
مہنگائی اور شرح سود میں کمی
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال حکومت نے تمام چیلنجز کو احسن انداز میں کنٹرول کرنے کی کوشش کی اور کامیابی حاصل کی۔ ہمیں اس دوران بہت سے چیلنجز درپیش تھے۔ ایک جانب کہا جا رہا تھا کہ پاکستان سفارتی سطح پر اکیلا ہوگیا ہے جب کہ ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی مہنگائی کی کمی کو ترجیح بنایا اور اس میں بتدریج کمی کی جس کے نتیجے میں مہنگائی میں اضافے کی شرح اب 5 فی صد سے بھی نیچے آ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت کی باگ ڈور سنبھالی تو ملک میں شرح سود 22 فی صد پر تھا، جو اب کم ہوکر 13 فی صد پر آ گیا ہے۔ قوم کے ساتھ جو وعدے کیے تھے، انہیں پورا کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ ملکی معیشت مزید بہتری کی جانب گامزن ہے۔ دو روز قبل ہی وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معاشی ترقی کے لیے اڑان پاکستان پروگرام کا افتتاح کیا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترجمان دفتر خارجہ کو تبدیل کیا گیا ہے اور شفقت خان کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ ممتاز زہرہ بلوچ کو وزیراعظم سے مشاورت کے نتیجے میں فرانس میں سفیر تعینات کیا گیا ہے۔
اسلامو فوبیا پر دو ٹوک مؤقف
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں اسلاموفوبیا کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف دو ٹوک اور واضح ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی ہر عالمی فورم پر فلسطین خصوصاً غزہ اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کھل کر آواز بلند کر چکے ہیں جب کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جموں کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس بھی ممکن بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے معاملے پر جس طرح سے پاکستان نے آواز اٹھائی ہے، شاید ہی کسی اور ملک نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل ہونا چاہیے۔
بجلی بلز میں ریلیف
نائب وزیراعظم نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بجلی بلز کے حوالے سے عوام پر کافی بوجھ تھا، جس کی کئی وجوہات تھیں۔ گزشتہ کچھ برسوں میں روپے کی قدر میں کمی آئی، جس کے بعد اب کرنسی کو استحکام ملنا شروع ہوچکا ہے۔ ہماری برآمدات بڑھ رہی ہیں جب کہ آئی ٹی سمیت دیگر کئی شعبوں میں بہتری اور ترقی کے اعداد و شمار آنا شروع ہو چکے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کی سہولت کے لیے اسکیم متعارف کروائی تھی، جس کے بعد پنجاب میں 200 تا 500 یونٹ تک سبسڈی کا اعلان کیا گیا۔ حکومت نے ہر سطح پر عوام کو بجلی بلز کے معاملے میں ریلیف دینے کے لیے کردار ادا کیا ہے۔