ایف آئی اے اسلام آباد زون نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ملزم سمیت 2 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کی شناخت اظہر اقبال اور محمد افضال کے نام سے ہوئی۔ ملزم اظہر اقبال لیبیا کشتی حادثہ میں ملوث پایا گیا۔ ملزم کو عثمان پورہ گجرات سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پایا گیا۔ اظہر اقبال نے شہری کو غیر قانونی طور پر یورپ براستہ لیبیا بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے وصول کیے۔ لیبیا سے یورپ کشتی حادثے میں شہری کی موت واقع ہو گئی۔
دوسری کارروائی میں ملزم محمد افضال کو محلہ امرپورہ، راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم بھاری رقوم وصول کر کے شہریوں کو یورپی ممالک، دبئی، اور کینیڈا کے جعلی ویزے فراہم کرتا تھا۔ ملزم گزشتہ 6 سال سے اسلام آباد زون کو مطلوب تھا۔ ملزم کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں 2019 میں مقدمہ درج ہوا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم لاہور میں بھی انسانی اسمگلنگ کا منظم نیٹ ورک چلاتا رہا ہے۔ ملزم ویزا فراڈ کر کے روپوش ہو جاتا تھا اور دوسرے شہروں سے آپریٹ کرنے لگتا تھا۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔