لاہور میں کولڈرنک، جوس اور دودھ سمیت ایک من سے زائد جعلی اشیا تلف کردی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور میں چھاپہ مار کر 5 ہزار 3 سو لیٹر کولڈ ڈرنکس، 2 ہزار 500 لیٹر جوس، 600 لیٹرپیک دودھ اور ایک من سے زائد جعلی اشیا تلف کردیں۔ جعلسازی کرنے پر یونٹ کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق یونٹ میں مختلف برانڈز کی جعلی اشیاء کی تیاری کی جارہی تھی۔ جعلی ناقص کولڈ ڈرنکس، جوس، میٹھا دودھ، چیونگم اور مختلف کی پیکنگ کی جارہی تھی۔ یونٹ سے برآمد شدہ تمام ایکسپائر خام مال ضبط کر لیا گیا۔ بغیر منظور شدہ فارمولا کولڈ ڈرنکس اور جوس تیار کیے جا رہے تھے جبکہ مختلف ممنوعہ کیمیکلز اور اجزاء کی ملاوٹ سے چیونگم اور اسنیکس بھی تیار کیے جا رہے تھے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات تھے اور اشیاء کی تیاری زمین پر کی جارہی تھی۔ خوراک کا کاروبار بغیر فوڈ اتھارٹی لائسنس چھپ کر کیا جارہا تھا۔ ویجیلنس ٹیم کی ریکی کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔ جعلی کولڈ ڈرنکس اور جوسز کا استعمال گردے اور جگر کو متاثر کرسکتا ہے۔