اسلام آباد:
گلستان جوہر میں زیر تعمیر عمارت کے زیر زمین پانی کے ٹینک میں زہریلی گیس سے دم گھٹ کر 2 مزدور جاں بحق جبکہ 3 بے ہوش ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایدھی کے رضا ، ریسکیو 1122 اور شارع فیصل پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر بے ہوش ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے قریبی نجی اسپتال پہنچایا،
اس حوالے سے ایس ایچ او فیصل گل نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ گلستان جوہر بلاک 18 میں گزشتہ 2 سال سے زیر تعمیر عمارت کے زیر زمین ٹینک کے ڈھکن کو صفائی کی غرض سے ہٹایا تو معمولی سے دھماکا ہوا جبکہ ٹینک میں کچھ فٹ تک پانی بھی موجود بتایا جاتا ہے۔
بعد ازاں ٹینک کی صفائی کے لیے 2 مزدور نیچے اترے تو وہ ٹینک میں پھیلی ہوئی زہریلی گیس سے متاثر ہوگئے۔ فیصل گل نے بتایا کہ شبہ ہے کہ دونوں مزدور زہریلی گیس کی وجہ سے دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں اور انھیں نکالنے کے لیے جانے والے دیگر تینوں مزدور بھی ٹینک میں موجود زہریلی گیس کے باعث متاثر ہو کر بے ہوش ہوگئے جنھیں بعدازاں ریسکیو کر کے فوری طور پر گلستان جوہر میں قائم نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق زیر زمین ٹینک میں زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق مزدورں کی شناخت 40 سالہ معید اور 30 سالہ احمد کے نام سے کی گئی جبکہ دیگر 3 مزدورں 20 سالہ سرتاج ، 25 سالہ حیدر اور 27 سالہ نارین کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ بے ہوش افراد میں 2 کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ متوفین کی لاشیں بھی ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ بے ہوش افراد کی طبعیت بہتر ہونے پر ان کے بیانات قلمبند کیے جائینگے جس کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔