کراچی؛ 20 کروڑ کی ڈکیتی میں ملوث ملزم گرفتار

گرفتار ملزم کا تعلق بنگش ڈکیت گروپ سے ہے، جومولانا ضیا الرحمٰن کے قتل میں بھی ملوث ہے، ترجمان سی ٹی ڈی


اسٹاف رپورٹر January 02, 2025

کراچی:

کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ پولیس نے قتل ، پولیس مقابلے اور 20 کروڑ کی ڈکیتی میں مفرور ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

 ترجمان سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس نے صدر پرانا تانگہ اسٹینڈ کے قریب چھاپہ مار کر بنگش ڈکیت گروپ سے تعلق رکھنے والے ملزم اسد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ، گرفتار ملزم 20 کروڑ کی ڈکیتی ، مولانا ضیا الرحمٰن کے قتل اور سی ٹی ڈی اہلکاروں سے پولیس مقابلے کا مفرور تھا،ملزم سی ٹی ڈی سندھ کراچی ، شاہراہ فیصل ، میٹھادر ، ملیر کینٹ ، مبینہ ٹاؤن اور سچل پولیس کو مطلوب تھا۔

 ترجمان کے مطابق گرفتار مفرور ملزم دوران ڈکیتی مولانا ضیا الرحمٰن کو شارع فیصل تھانے کی حدود میں قتل کیا تھا جس کے درج مقدمے میں ملزم مفرور تھا جبکہ ملزم نے سال 2022 میں دوران واردات ملیر کینٹ کے علاقے میں کرسچن کمیونٹی کے نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا جس کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج ہے۔

 ملزم سال 2023 میں سی ٹی ڈی اہلکاروں سے مقابلے میں بھی مفرور تھا جس کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج ہے جبکہ ملزم میٹھادر تھانے کی حدود میں سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین کو اغوا کر کے 20 کروڑ لوٹنے کی واردات میں بھی اشتہاری تھا۔

 ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کا گروہ اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے شہر میں خوف کی علامت سمجھا جاتا ہے ، گرفتار ملزم کے متعدد ساتھی ملک سے باہر اور کچھ جیل میں ہیں ، سی ٹی ڈی گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کر رہی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں