اسلام آباد:
عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج کیسز میں پی ٹی آئی کے 150 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے 26 نومبر کے احتجاج پر درج 13 مقدمات میں 250 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 5، 5 ہزار روپے کے مچلکوں پر رہائی کا حکم دیدیا ۔
عدالت نے 150 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ بنی گالا کے مقدمے میں 18 ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔ اسی طرح تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 1033 میں ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج ہو گئیں جب کہ تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 1032 میں 43 ملزمان کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے ایک ملزم کی درخواست خارج کردی۔
عدالت نے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے مقدمے میں 9 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کیں جب کہ تھانہ نون میں دائر مقدمے کے 17 ملزمان کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ایک ملزم کی درخواست خارج کی۔
26 نومبر احتجاج پر تھانہ آبپارہ کے مقدمہ نمبر 1022 میں 70 ملزمان کی ضمانتیں منظور کی گئیں جب کہ 25 ملزمان کی درخواستیں خارج ہوئیں۔ اسی طرح تھانہ آئی نائن کے مقدمے میں 30 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرلی گئیں۔
عدالت نے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں 13 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں منظور اور 2 کی درخواستیں خارج کردیں۔ تھانہ سیکرٹریٹ کے 2 مقدمات میں 120 ملزمان کی ضمانتیں خارج اور 10 ملزمان کو ضمانت مل گئی جب کہ تھانہ سہالہ کے 25 اور تھانہ شمس کالونی کے 30 ملزمان کی ضمانتیں بھی منظور کرلی گئیں۔ ملزمان کے خلاف 10 تھانوں میں 13 مقدمات درج ہیں۔