کے الیکٹرک ودیگر ریڈ لائن منصوبے میں تاخیر کے ذمہ دار قرار
سندھ حکومت نے ریڈ لائن بی آر ٹی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو پانچ دن کی سخت ڈیڈ لائن دے دی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ریڈ لائن بی آر ٹی میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سی ای او ٹرانس کراچی طارق منظور شیخ نے کے فور اور کے الیکٹرک کی انفراسٹرکچر ایڈجسٹمنٹ کو منصوبے میں تاخیر کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ یوٹیلیٹی پرووائیڈرز کی جانب سے ری لوکیشن کے حوالے سے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جارہے۔
اجلاس میں پانی کی سپلائی لائنوں، کے الیکٹرک، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کی تنصیبات سمیت یوٹیلٹیز کی منتقلی کی وجہ سے ہونے والی تاخیر اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا، پروجیکٹ کنٹریکٹرز نے پیش رفت سے متعلق آگہی دی۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مسائل حل کرنے اور بلا روک ٹوک پیش رفت یقینی بنانے کے لیے کام میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں مزید تاخیر ناقابل قبول ہے، تعمیراتی کام میں تیزی لانے کیلئے 24 گھنٹے تین شفٹوں صبح، شام اور رات کام جاری رکھا جائے۔ ایئرپورٹ کے قریب کام شروع کرنے کے لئے سول ایوی ایشن سے بھی رابطہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کراچی کے لیے ایک فلیگ شپ ٹرانسپورٹیشن پروجیکٹ ہے جس کا مقصد جدید، موثر اور ماحول دوست ماس ٹرانزٹ سسٹم فراہم کرکے کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام میں انقلاب لانا ہے، منصوبہ مکمل ہونے سے روزانہ ہزاروں مسافروں کو سفری سہولت ملے گی۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ نجم شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی، سی ای او ٹرانس کراچی طارق منظور شیخ اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایشین ڈولپمنٹ بینک کے للائڈ رائٹ اور بین الاقوامی کنسلٹنٹس بھی آن لائن شریک ہوئے۔